اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر ممنون حسین اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے ٹریفک پولیس، اسلام آباد کے دفتر میں پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق صدر ممنون حسین کا پرانا ڈرائیونگ لائسنس جو کراچی سے جاری کیا گیا تھا وہ ایکسپائر ہوا تو صدر مملکت قانون کے مطابق اسلام آباد سے لائسنس کے حصول و تجدید کیلئے ٹریفک پولیس کے دفتر پہنچ گئے جہاں آئی جی پولیس طارق مسعود
یاسین اور ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب نے ان کا استقبال کیا۔ صدر ممنون حسین کو طریقہ کارکے مطابق عام پاکستانیوں کی طرح ٹوکن جاری کیا گیا اور انہوں نے اپنی باری آنے پر قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی۔ صدر مملکت ممنون حسین کے اس عمل کو عوامی سطح پر بہت سراہا جا رہا ہے اور جس نے بھی انہیں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے عام پاکستانیوں کی طرح انتظار میں دیکھا تو داد دیئے بغیر نہ رہ سکا۔