ڈیرہ اسماعیل خان(آئی این پی )پاکستان میں اقلیتی ووٹرز کی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ،صوبہ سندھ کے 13 جبکہ صوبہ پنجاب کے 2 اضلاع میں اقلیتوں کی واضح اکثریت متعدد حلقوں میں انتخابات میں حصہ لینے کافی ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق اقلیتوں کے رجسٹر ووٹوں کی تعداد 29 لاکھ 90 ہزار ہے جبکہ 2013 کے عام انتخابات میں یہ تعداد 27 لاکھ 70 ہزار تھی۔پاکستان میں ہندو ایک بڑی اقلیت کے طور پر موجود ہیں جن کے ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 90 ہزار ہے جو پاکستان میں موجود غیر مسلموں کا مجموعہ کا تقریباً نصف ہے۔
ہندؤں کی ایک بڑی تعداد سندھ میں آباد ہیں یہ تعداد 13 لاکھ 90 ہزار ہے، پنجاب میں ہندو ووٹرز کی تعداد 73152، بلوچستان میں 22766، خیبرپختونخوا ہ میں 4022، وفاق کے زیر انتظام میں قبائلی علاقے فاٹا میں 586 اور اسلام آباد میں 188 ہے۔عیسائی پاکستان میں دوسری بڑی اقلیت ہیں جن کی مجموعی رجسٹر ووٹرز کی تعداد 13 لاکھ 20 ہزار ہے۔ دستاویز کے مطابق پنجاب میں ان کے 10 لاکھ ووٹ موجود ہیں، سندھ میں 209083، اسلام آباد میں 29173، خیبرپختونخوا ہ میں 26814، بلوچستان میں 16279 اور فاٹا میں 1345 ووٹ موجود ہیں۔پاکستان میں موجود احمدی ووٹرز کی تعداد 119749 ہے جس میں سے صوبہ پنجاب میں 101156، سندھ میں 14855، اسلام آباد میں 2134، خیبرپختونخوا ہ میں 1140، بلوچستان میں 451 اور فاٹا میں 13 ہے۔ملک میں سکھ ووٹرز کی مجموعی تعداد 6193 ہے جس میں سے خیبرپختونخوا ہ میں 2597، سندھ میں 1477، پنجاب میں 1157، فاٹا میں 730، بلوچستان میں 225 اور اسلام آباد میں 7 ہے۔اسی طرح ملک میں پارسیوں کے ووٹرز کی مجموعی تعداد 3743 ہے جس میں سے سندھ میں 2487، خیبرپختونخوا ہ میں 723، پنجاب میں 254، بلوچستان میں 250، فاٹا میں 16 اور اسلام آباد میں 13 ہے۔پاکستان میں موجود بدھ مت ووٹروں کی تعداد 1643 ہے جو زیادہ تر سندھ اور پنجاب میں موجود ہیں۔
اس کے علاوہ یہودیوں کے بھی 900 ووٹ پاکستان میں رجسٹر ہیں۔خیال رہے کہ 2013 ء4 کے عام انتخابات سے قبل کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں 27 لاکھ 70 ہزار غیر مسلم ووٹرز تھے۔حاصل ہونے والے ڈیٹا کے مطابق سندھ کے اضلاع عمر کورٹ اور تھرپارکر میں سب سے زیادہ 49 فیصد اور 46 فیصد غیر مسلم ووٹر موجود تھے۔