اسلام آباد (این این آئی)فیصل آباد ۔ ملتان ایم 4 موٹر وے کا گوجرہ ۔ خانیوال سیکشن مارچ 2018ء تک مکمل کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق 184 کلو میٹر فیصل آباد ۔ ملتان ایم 4 طویل موٹر وے کا 58 کلو میٹر فیصل آباد ۔ گوجرہ سیکشن ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔ 62 کلو میٹر طویل گوجرہ ۔ شورکوٹ سیکشن پر تیزی سے کام جاری ہے۔
گزشتہ سال اس منصوبے کے لئے قرضے اور سول ورکس کے معاہدے کئے گئے ٗ اپریل 2016ء میں اس منصوبے کو شروع کرنے کے لئے ٹھیکیداروں کو ابتدائی ادائیگی کی گئی ٗ موٹر وے کی 64 کلو میٹر طویل شورکوٹ ۔ خانیوال سیکشن کا ٹھیکہ دیا جا چکا ہے ٗ فیصل آباد ۔ گوجرہ سیکشن پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے 3 انٹر چینج، 11 پل اور 19 انڈر پاسز تعمیر کئے گئے ہیں ٗمستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹر وے 6 رویہ بنائی گئی ہے ٗ فیصل آباد سے ملتان موٹر وے شمال ۔ جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور کا حصہ ہوگی ٗ اس موٹر وے سے شمال اور جنوب کے درمیان رابطے کی سہولت میسر آئے گی۔ روڈ ٹرانسپورٹ سروس کے معیار اور کارکردگی میں بہتری آئے گی اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔