کراچی (این این آئی )کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں رینجرز نے چھاپہ مار کر ایک مکان سے اسلحے کی کھیپ برآمد کرلی ، اسلحہ شہر میں دہشت گردی کے لئے استعمال ہونا تھا ۔جبکہ رینجرز کی جانب سے سینٹرل جیل میں بھی سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے کارندوں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر سرجانی ٹاون سیکٹر بی میں ایک مکان پر چھاپہ مارا ۔ مکان کے واش روم میں کھدائی کے بعد بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ۔مکان سے برآمد ہونے والا اسلحہ شہر میں دہشت گردی کے لئے استعمال ہوناتھا ۔ رینجرز نے اسلحے کی فرانزک لیب سے مزید تحقیقات کا آغا ز کر دیا ۔برآمد کئے جانے والے اسلحے میں ہیوی مشین گن،ایل ایم جی ،جی تھری رائفل سمیت دیگر اسلحہ شا مل ہے اسلحے میں آٹھ سب مشین گن،چار ایم ایم رائفل بھی شامل ہیں۔
۔دوسری جانب رینجرز نے سینٹرل جیل میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے مختلف بیرکس میں موجود کالعدم تنظیم کے کارندوں سے بھی پوچھ گچھ کی اور بعض افراد کے سامان کی تلاشی بھی لی۔گزشتہ کچھ دنوں میں کراچی آپریشن میں مزید تیزی آئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاعات پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف یہ کہ نامی گرامی مجرموں کو گرفتار کیا ہے بلکہ زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ بھی بر آمد کیا ہے۔