کراچی(این این آئی)رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے ذریعے اب کرپشن اور غیرقانونی طور پر حاصل ہونے والی اربوں ، کھربوں روپے کی رقم کو قانونی کیا جاسکے گا ، رئیل ا سٹیٹ سیکٹر کیلئے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت بڑے پیمانے پر کالے دھن کی سرمایہ کاری کے امکانات اور جائیداد کے مارکیٹ نرخوں میں اضافے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے ذریعے کرپشن اورغیر قانونی رقم کوسفید کرایا جاسکے گا۔
اب کوئی بھی نہیں پوچھے گا کہ رقم کہاں سے حاصل کی گئی،رئیل اسٹیٹ میں بڑے پیمانے پرکالے دھن کی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے جائیداد کے مارکیٹ نرخوں میں بھی اضافے کاخدشہ پیدا ہوگیاہے کیونکہ جب رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھے گی تو مارکیٹ نرخوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ایف بی آر کی مخالفت کے باوجودقو می اسمبلی نے چار روز قبل ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیکس ایمنسٹی سکیم جاری کرنے کی منظوری دی تھی جس کے تحت تین فیصد ٹیکس کی ادائیگی پر رئیل اسٹیٹ میں اربوں کھربوں روپے کا کالا دھن سفید کرنے کا موقع دیا جائیگااور ذرائع آمدن بھی نہیں پوچھے جائیں گے.ایف بی آر اس کیلئے جلد ہی رولز جاری کرے گااس کے بعد ہی سکیم پر عمل درآمد شروع ہوگا، ڈی ایچ اے کے تحت ملنے والے پلاٹ کو بیچنے پر ٹیکس میں چھوٹ نہیں ہوگی۔