لاہور( این این آئی)پیپلز پارٹی کے رہنما و سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاناماکیس میں وزیر اعظم نواز شریف کو جنوری 2017ء میں بڑا دھچکا لگے گا ،خواب دیکھ رہا ہوں کہ آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف کی سیٹیں کم اور پیپلز پارٹی کی زیادہ ہوں گی ۔
بلاول ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس وزیراعظم کا پیچھا نہیں چھوڑے گا اور اس کا فیصلہ جنوری 2017ء تک آ جائے گا جو انہیں بڑا دھچکادے گا۔میں خواب دیکھ رہا ہوں کہ عام انتخابات میں نواز لیگ کی سیٹیں کم اور پیپلز پارٹی کی زیادہ ہوں گی ،خیبر پختونخوا ہ میں بھی عمران خان کی سیٹیں بھی کم ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ کو افسران نہ دے کر صوبے کو ناکام بنانا چاہتاہے ۔خواہش ہے کہ 90ء کی دہائی کی سیاست میں نہ جائیں ورنہ دوسروں کو موقع ملے گا۔منظور وسان کامزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے لاہور سے بینر اتارنا نامناسب ہے ایسی ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی ہرگز کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہو گی۔