لاہور (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے 160 ترک اساتذہ کو پاکستان بدر کرنے سے روک دیا، عدالت نے 95 طلبا کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ویزہ کی توسیع کیلئے باضابطہ درخواست دیں۔تفصیلات کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا نے اللہ بخش سمیت 14 والدین کی عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست
پرسماعت کی، عاصمہ جہانگیر نے موقف اختیار کیاکہ وزارت داخلہ نے پاک ترک فانڈیشن کے ترک اساتذہ، طلبا اور سٹاف کی ملک بدری کا حکم جاری کیا ہے، ملک بدری سے پاک ترک فاونڈیشن کے سکولوں میں 11 ہزار طلبہ متاثر ہونگے، طلبا سے تعلیم کا حق چھیننا آئین کیتحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے مزید موقف اختیار کیاکہ پنجاب میں 32 سکولوں میں یہ اساتذہ اور طلبہ تعلیم کے عمل سے منسلک ہیں۔
انہوں نے ا ستدعاکی کہ پاک ترک فانڈیشن کے سکولوں کی بندش روکنے کا حکم دیا جائے اور ترک اساتذہ، طلبہ اور سٹاف کی پاکستان بدری کے احکامات کالعدم کئے جائیں، ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے ترک اساتذہ
کی پاکستان بدری سے روکتے ہوئے وزارت داخلہ سے 17 جنوری تک جواب طلب کر لیا، عدالت نے 95 ترک طلبا کو ویزوں میں توسیع کیلئے وزارت داخلہ کو توسیع کیلئے باضابطہ درخواست دینے کی ہدایت کی ہے۔