اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بڑے ہی نازک دور میں اہم ذمہ داری ملی ہے،بھارتی جارحیت کے باعث تشویش کی لہر پائی جاتی ہے، نئے آرمی چیف کو ان سب
چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنرل زبیرمحمود حیات اور جنرل قمر جاوید باجوہ کو مبارک پیش کرتا ہوں،دونوں جرنلر کو بہت اہم ذمہ داریاں ملی ہیں ۔ا نہوں نے کہاکہجنرل قمر جاوید باجوہ کو بڑے ہی نازک دور میں اہم ذمہ داری ملی ہے،بھارتی جارحیت کے باعث تشویش کی لہر پائی جاتی ہے،سی پیک گیم چینجر ہے،اس میں بھی بہت سے
چیلنجز ہیں،افغانستان کی صورتحال بھی خاصی تشویشناک ہے،بھارت افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کا سامنا ہے،مودی حکومت سرحد پر اشتعال انگیزی کر رہی ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ اشتعال انگیزی کا موثر جواب دیں گے،پاکستان کو
پرامن منتقلی اقتدار کی عادت ڈالنی چاہیے۔سابق آرمی چیف جنرل (ر) اسلم بیگ نے کہا کہ خوشی ہے کہ نئے آرمی چیف میری رجمنٹ سے بنے،جنرل قمر جاوید باجوہ کارکردگی کی بناء پر قوم کے سامنے سرخرو ہوں گے،پالیسی بنانا حکومتی ذمہ داری ،عمل درآمد کرنا فوج کا کام ہے۔