اسلام آباد (آئی این پی )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنما فواد چوہدری کو میڈیا پر نمائندگی کے لئے پارٹی کا ترجمان مقرر کر دیا ہے۔ نعیم الحق بدستور پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات رہیں گے، نعیم الحق نے فواد چوہدری کو بطور ترجمان مقرر کرنے پر ردعمل میں کہا ہے کہ پارٹی کے بہت سارے ترجمان ہیں جس میں بطور سیکرٹری اطلاعات پارٹی کا
چیف ترجمان میں ہوں اور رہوں گا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان سے بدھ کو فواد چوہدری کی ملاقات ہوئی جس کے بعد عمران خان نے انہیں پارٹی کا ترجمان مقرر کیا۔ ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کی تقرری میں تحریک انصاف کے اہم رہنما جہانگیر خان ترین نے اہم کردار ادا کیا فواد چوہدری کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ وہ میڈیا پر پارٹی کی نمائندگی کریں گے اور پارٹی ترجمان کے طور پر میڈیا کو پارٹی اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں پر بریف کیا کریں گے۔