لندن (آئی این پی) سابق صدر آصف علی زرداری نے جلد وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلا وطن نہیں، عنقریب آپ سے پاکستان میں ملوں گا،عمران خان انوکھے لاڈلے ہیں جو کھیلن کو چاندنی مانگ رہے ہیں،کراچی میں کچرے کی صورتحال کے حوالے سے شہریوں کو جلد خوشخبر ی ملے گی،وزیراعلی نے رپورٹ دی ہے چین کی کمپنی سے معاہدہ ہوگیا ہے،اس پرجلد کام شروع کرنے والے ہیں ۔ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ
وہ جلا وطن نہیں ہیں ،عنقریب آپ سے پاکستان میں ملاقات ہوگی، جب ان سے پوچھا گیا کہ عنقریب کا مطلب کچھ دن ہے یا کچھ ہفتے ، اس پر انہوں نے کہا کہ کچھ ہفتے۔ اس سوال پر کہ عمران خان اعتزاز احسن کی تعریف اور آپ پر تنقید کرتے ہیں ، اس پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاندنی ، چاندنی کا مطلب ہے پرائم منسٹر شپ ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاناما کا معاملہ سپریم کورٹ میں لے کر گئے ہیں اور اگر سپریم کورٹ کے کمیشن کا کوئی نتیجہ نہ نکلا تو کیا فائدہ، جمہوریت کا ارتقا سپریم کورٹ میں نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہو گا۔کراچی میں کچرے کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے شہریوں کو جلد خوشخبر ی ملے گی، وزیراعلی نے رپورٹ دی ہے چین کی کمپنی سے معاہدہ ہوگیا ہے،اس پرجلد کام شروع کرنے والے ہیں۔سابق صدر نے پاناما لیکس اور ملک کی سیاسی ہلچل میں پیپلز پارٹی کے کردار پر بھی بات کی۔