اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر وزارت داخلہ نے کے پی کے کے چاروں اضلاع میں سیکیورٹی کی وجہ سے موبائل فون سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر خیبر پختونخواہ کے چاروں اضلاع میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں موبائل فون سروس دن 12 بجے سے رات10 بجے تک اور گلگت بلتستان میں موبائل فون سروس دن 12 بجے سے رات 6 بجے تک بند رہے گی۔خیبرپختونخوا کے چار اضلاع پشاور، کوہاٹ، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی موبائل فون سروس دن 12بجے بند کردی جائے گی۔ پشاور میں موبائل فون سروس رات10، کوہاٹ میں رات9، ٹانک میں رات7 بجے اور ڈی آئی خان میں موبائل فون سروس رات 6بجے بحال کی جائے گی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بتائے گئے علاقوں کے علاوہ کسی جگہ موبائل فون سروس بند نہیں کی جائے گی۔