لاہور( این این آئی) پیپلز پارٹی کے اہم رہنما و سینئر قانون دان اعتزازاحسن نے پانامالیکس پر پی ٹی آئی کو اپنے وکلا ء تبدیل نہ کرنے کا مشورہ دیاہے۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی اعلی قیادت نے اعتزازاحسن سے رابطہ کیا ہے اور ان سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت پاناما کیس اور وکلا ء کی تبدیلی پر مشاورت کی ہے
۔اعتزاز احسن نے وکلا ء تبدیل نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا فیصلہ کرنے سے پی ٹی آئی کا کیس مزید کمزور ہوجائے گا ۔انہوں نے پی ٹی قیادت کو کہا ہے کہ پاناما لیکس سے متعلق ان کے وکلا ء ذیادہ سے زیادہ تکنیکی سوال تیار کریں۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے وکلا ء کی تبدیلی کی خبرکو من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی اطلاعات قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ
قانونی ٹیم میں تبدیلی کی اطلاعات کی پہلے بھی تردید کر چکے اور اسے دوبارہ مسترد کرتے ہیں۔نعیم الحق نے میڈیا سے اپیل کی کہ افواہ سازوں کے آلہ کار بننے کی بجائے حقائق پر توجہ مذکور کرے ۔ترجمان پی ٹی آئی نے اس خبر کو حکومتی حربے اور سازشی ٹوٹکے قرار دیتے ہوئے کہا کہ (ن)لیگ کوسوائے مایوسی کے کچھ حاصل نہ ہو گا ہماری قانونی ٹیم چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں احسن طریقے سے مقدمے کی پیروی میں مصروف ہے ۔