اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پانامہ لیکس معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان میں شنوائی جاری ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ عدالت سے باہر اس پر گفت و شنید کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اس سلسلے میں شیخ رشید کی طنز و مزاح سے بھرپور سیاسی پیشن گوئیوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری و ساری ہے ۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف کیس ٹرپل ایس یعنی سویٹ ، شارٹ اینڈ سمارٹ ہے ، شریف فیملی نے سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات جمع کرائی ہیں تاہم شریفوں کی سیاست بھی سپریم کورٹ میں ہی دفن ہو گی ۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ کبھی مصری مرغیاں آتی تھیں اور اب مصری دستاویزات آگئی ہیں ، نواز شریف اورا نکے بچوں کے بیانات میں تضاد ہے، نواز شریف نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان کے دستاویزات کی کوئی تصدیق نہیں ،مریم کے دستاویزات کی تصدیق انکے شوہر کیپٹن صفدر نے کی ہے ،پاناما لیکس پر میرے موقف کی تائید ہو گئی ہے ۔