لاہور ( این این آئی ) لاہور ہائیکورٹ نے نیوزگیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے تشکیل دیئے گئے کمیشن کے قیام کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔ گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصورعلی شاہ نے عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈاپور کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نیوزگیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے کمیشن کی تشکیل پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کو عہدے سے ہٹانے سے ثابت ہوتاہے کہ حکومتی ارکان قومی سلامتی سے متعلق خبر لیک کرنے میں ملوث رہے۔ موجودہ کمیشن میں شامل تمام افراد براہ راست حکومت کے زیر اثر ہیں۔ عوامی تحریک کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ نیوزگیٹ اسکینڈل سے متعلق تشکیل دیئے گئے کمیشن کو کالعدم قرار دیا جائے جبکہ سیکرٹری داخلہ کو نیوز گیٹ اسکینڈل کی پاکستان آرمی ایکٹ انیس 1952ء کے تحت تحقیقات کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ تاہم فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کر دی ۔