لاہور( این این آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق کل(پیر)کی شام سپر مون کا نظارہ کیا جا سکے گا،14 نومبر کے روز نظر آنے والا سپر مون 7 دہائیوں کا سب سے بڑا اور چمکدار چاند ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آسمان صاف ہونے کی صورت میں پیر کی شام 6 بج کر 52 منٹ پر سپر مون دیکھا جاسکے گا، یہ چاند عام چاند کی نسبت سائز میں 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔موسمیات کے ماہرین نے اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ زمین کے گرد موجود چاند کا مدار گول کے بجائے بیضوی ہے جس کی وجہ سے زمین اور چاند کے درمیان موجود فاصلے میں فرق آتا رہتا ہے۔ماہرین کے مطابق 1948 ء کے بعد پہلی بار پورا چاند زمین سے اس قدر کم فاصلے پر آئے گا۔ دوران گردش چاند سطح زمین سے 3 لاکھ 48 ہزار 4 سو کلومیٹر کی حد میں آجائے گا، یہ فاصلہ عام طورپر زمین اور چاند کے درمیان موجود فاصلے سے تقریباً 35 ہزار 4 سو کلومیٹر کم ہوگا۔یونیورسٹی آف وسکونسن کے ماہر فلکیات جم لیٹس کے مطابق سپر مون اس وقت دکھائی دیتا ہے جب پورے چاند کا وقت اور زمین کے گرد چاند کے 28 روزہ مدار میں سب سے کم فاصلہ ایک ساتھ آجائے، یوں ہر 14واں پورا چاند سپر مون ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگلی بار 2034 میں ہی چاند اور زمین کے درمیان فاصلہ اس قدر کم ترین ہوگا اور تب ہی اتنا روشن سپر مون دیکھا جاسکے گا۔ماہر فلکیات جم لیٹس کا مزید بتانا تھا کہ اگر ہر ماہ کے پورے چاندوں کو ایک ساتھ جمع کیا جاسکے تو سپر مون اور عام 14ویں کے چاند میں نمایاں فرق دیکھا جاسکتا ہے لیکن ایک عام دیکھنے والے کو 14 نومبر کا چاند بھی معمول کے پورے چاند جیسا دکھائی دے گا۔