اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے 17 نومبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ترک صدر طیب اردگان کے خطاب کے موقع پر اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی سربراہ عمران خان نے اجلاس میں شرکت کرنے کی بعض مرکزی قائدین کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ وزیر اعظم کی موجودگی میں پارلیمنٹ میں نہیں جائیں گے چاہے اجلاس جس مقصد کیلئے بھی ہو۔ ہفتے کو یہ فیصلہ عمران خان کی سربراہی میں یہاں بنی گالہ میں ایک اہم پارٹی اجلاس میں کیا گیا جس میں مرکزی قائدین نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بعض رہنماؤں نے تجویز دی کہ کیونکہ ترکی کے صدر کا خطاب ہو گا اس لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت پر بھی غور کیا جانا چاہیے تاہم عمران خان نے سختی سے اس تجویز کو رد کر دیا اور کہا کہ تحریک انصاف نے نواز شریف کی موجودگی میں پارلیمنٹ میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے اس فیصلے پر ہر صورت عمل کیا جائے گا اور
اپنے موقف میں کوئی کمزوری نہیں لائی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ طے پایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت ترک صدر سے الگ ملاقات کیلئے وقت مانگے گی جس میں ترک صدر پر واضح کیا جائے گا کہ پی ٹی آئی نے وزیر اعظم نواز شریف کی بدعنوانی کی وجہ سے اجلاس کا بائیکاٹ کر رکھا ہے ۔ ترک صدر سے پی ٹی آئی کا کوئی اختلاف نہیں اور وہ ان کی قدر کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 17 نومبر کو منعقد ہو گا جس میں ترک صدر طیب رجب اردگان خطاب کریں گے