لاہور( این این آئی ) صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے خنکی میں بھی اضافہ ہو گیا ،محکمہ موسمیات نے مزید بادل برسنے اورپہاڑوں پر برفباری کی بھی پیشگوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہورمیں گزشتہ روز ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے بعدموسم سرماکی پہلی بارش ہوئی جس سے موسم انتہائی خوشگوار ہونے کے ساتھ خنکی میں بھی اضافہ ہوگیا ۔
ماہرین صحت کے مطابق بارش ہونے سے سموگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور موسمی بیماریوں میں کمی ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے علاوہ گجرات ، چکوال ،تلہ گنگ، پنڈی پھٹیاں ،ننکانہ صاحب ،ڈسکہ ،حافظ آباد ، کامونکی ،ساہیوال ،سرگودھا سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے خنکی بڑھ گئی ہے ۔محکمہ موسمیات نے شمالی علاقہ جات میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک بھرمیں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا جس کے لئے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔