اسلام آباد (این این آئی)خواجہ آصف کی جیت پر خوشیاں منانے والے زیادہ خوش نہ ہوں۔۔۔پکچر ابھی باقی ہے،تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان کا دھماکہ خیز اعلان،این اے 110کے دھاندلی کیس میں تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے شارٹ آرڈر کے ذریعے اپیل مسترد کی ہے ابھی اس پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا ۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110میں دھاندلی کے الزام کی اپیل خارج ہونے پر تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہیں کہا جاسکتا کہ عدالت عظمیٰ نے ہمارے ثبوتوں کو مکمل طور پر مسترد کردیاکیونکہ ابھی سپریم کورٹ نے شارٹ آرڈر کے ذریعے اپیل مسترد کی ہے ٗعدالت اعظمیٰ اپیل مسترد کرنے کی وجو ہات تفصیلی فیصلے میں جاری کرے گی جس کے بعد اس پر تبصرہ کیا جا سکتا ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ہار، جیت تو مقدر کا کھیل ہے لیکن عثمان ڈار کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔سپریم کورٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110 سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنماء عثمان ڈار کی خواجہ آصف کے خلاف دھاندلی سے متعلق اپیل خارج ہونے پر سوشل میڈیا ویب سائٹ ’’ٹوئٹر‘‘ پر جاری ایک پیغام میں جہانگیر ترین نے کہا کہ ہار جیت مقدر کا کھیل ہے لیکن عثمان ڈار کی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عثمان ڈار اپنے حق کیلئے لڑے اور جس طرح لڑے، ان پر فخر ہے۔