لاہور( این این آئی) خبرلیک کے معاملہ پرانکوائری کمیٹی کے چیئرمین جسٹس (ر) عامررضا کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا جبکہ تحقیقات کے لئے قائم کمیٹی کے چھے ممبران کو ہٹانے اور ان کی ویٹو پاور ختم کرنے کے لئے بھی درخواست دائر کر دی گئی ۔ مقامی وکیل اشتیاق اے چودھری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی کے سربراہ جسٹس (ر) عامررضا خان کے حکمران شریف خاندان سے تعلقات ہیں اور وہ چیئرمین ہلیتھ کمیشن بھی رہ چکے ہیں۔ انکی انکوائری کمیٹی
کے سربراہ کی حیثیت سے تعیناتی آئین کے آرٹیکل 5 کے برعکس ہے۔ انکوائری کمیٹی کے سربراہ حکومت کے منظور نظر اور جانبدار ہیں لہٰذا انہیں کمیٹی سے ہٹانے کا حکم دیا جائے اور تحقیقات کے لیے حاضر سرو س جج کو کمیٹی کا سربراہ بنانے کی ہدائت کی جائے۔دوسری درخواست بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ متنازعہ خبر سے قومی اداروں کے درمیان ٹکراؤ کی کیفیت پیدا ہوئی۔ حقائق کا پتہ چلانے کیلئے قائم کمیٹی میں حکومت کی جانب سے منظور نظر اور من پسند ممبران کو منتخب کیا گیا۔ جسٹس (ر) عامر رضا کی ایمانداری کسی شک سے بالاتر ہے۔ خبر لیک کی تحقیقات کے لئے قائم کمیٹی کے ممبران کو کمیٹی کے سربراہ کے برابر اختیارات دے کرانہیں ویٹو پاور کا اختیار دینے سے حکومت کی بدنیتی صاف ظاہر ہو رہی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ خبر لیک معاملہ کیلئے قائم کمیٹی کے ممبران کو ہٹا کر غیر متنازعہ اور میرٹ پر ممبران کی تعیناتی کا حکم دیا جائے اور کمیٹی کے دیگر ممبران سے ویٹو پاور کا حق واپس لینے کے احکامات دیتے ہوئے انہیں کمیٹی کی معاونت کرنے کی ہدایت کی جائے۔
دریں اثناء اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرا دی جس میں خبرلیکس کے معاملہ پر بننے والے کمیشن کے سربراہ جسٹس ( ر) عامر کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان اپوزیشن لیڈر حافظ ذیشان رشید کے مطابق قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے خبر لیکس کے معاملہ پر بنائے گئے کمیشن کے سربراہ جسٹس ( ر) عامر رضا پر تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کمیشن کی سربراہی سے جسٹس ( ر) عامر رضا خان کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کروا گئی گئی اپنی ایک قرارداد میں کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ جسٹس ( ر) عامر رضا جو نیوز لیک انکوائری کمیشن کے سربراہ ہیں کہ حکمرانوں سے قریبی روابط ہیں اس لیے ان سے انصاف کی کوئی توقع نہیں۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ جسٹس ر عامر رضا کو وزیراعلیٰ شہباز شریف نے2011میں ہیلتھ کیئر کمیشن کا چیرمین مقرر کیا اور انکی بیٹی ڈاکٹر نوشین رضا کو شریف میڈیکل کمپلیکس کی وائس پرنسپل ہیں، اسکے علاوہ عامر رضا کا نام حکمران جماعت نے2013میں نگر ان وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر دیا تھا لہٰذا جسٹس عامر رضا کو کمیشن کی سربراہی سے ہٹایا جائے۔