اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آشا پاشا کی بنائی ہوئی جماعت نہیں ہے پانامہ کی لڑائی پارلیمنٹ میں ہی لڑیں گے۔ عمران خان سے بڑھ کر نواز شریف کا کوئی مددگار نہیں۔ کہا تھا دھرنا ناکام ہونے کی صورت میں نواز شریف مضبوط ہوگا اور ویسا ہی ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بار بار کہوں گا عمران خان سے زیادہ نواز شریف کا کوئی حامی نہیں۔ پبلک رسپانس نہ ہونے پر دھرنا موخر ہوا۔ جس سے نواز شریف مضبوط ہوئے اور پانامہ کی لڑائی عدالت میں لے جائی گئی۔ سید خورشید شاہ نے کہا پارلیمنٹ ہمارا فورم ہے۔ ہم آشا پاشا کی بنائی ہوئی جماعتیں نہیں ہیں پانامہ کی لڑائی پارلیمنٹ میں ہی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے کو عمران خان عدالت لے گئے۔ حکومت معاملے کو طول دینا چاہتی ہے تو کیس کیسے20دن میں ختم ہو گا۔ ہم پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے۔ جیتیں یا ہاریں پارلیمنٹ کے فورم کو استعمال کر کے مسائل کا حل تلاش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے سے پہلے حکومت اور تحریک انصاف میں کیا ڈیل ہوئی اس کے بارے میں صرف عمران خان ہی بتا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی خورشید شاہ چیئر مین تحریک انصاف کی حکمت عملیوں کو نواز شریف کے حق میں مددگار قرار دیتے رہے ہیں۔