کراچی(آئی این پی )ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا جس میں ان سے 50 کروڑ روپے طلب کیے گئے ہی۔ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا جس میں عمران لاشاری نامی شخص کی جانب سے 50 کروڑ روپے طلب کئے گئے ہیں جب کہ رقم نہ ملنے پر ڈپٹی اسپیکر کو قتل اور سندھ اسمبلی کی بلڈنگ کو اڑانے کی بھی دھمکی دی گئی ۔ خط میں عمران لاشاری کے موبائل فون نمبر بھی درج ہیں۔ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے دھمکی آمیز خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکی آمیز خط موصول ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ بینظیر بھٹو کا جو حشر کیا وہی تمھارا کیا جائے گا جب کہ دھمکی آمیز خط سیٹیلائٹ ٹاؤن راولپنڈی سے پوسٹ کیا گیا ۔ ان کاکہنا تھا کہ ڈی جی رینجرز اور آ ئی جی سندھ سمیت دیگر حکام کو خط کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات ہونی چاہیئے۔دوسری جانب عمران لاشاری کا کہنا ہے کہ شہلا رضا کو بھیجے گئے خط میں اس کا کوئی کردار نہیں، درحقیقت یہ کام اس کے مخالفین شیرخان اور شاہ زیب پھنور نے کیاہے کیونکہ انہوں نے اس کی 25 ایکڑ اراضی ہتھیا رکھی ہے جسے واگزار کرانے کے لیے ہم نے سندھ رینجرز سے بھی رابطہ کیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی سیدہ شہلا رضا کو کالعدم تنظیموں کی جانب سے دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا جس میں ان کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔