اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ تعلیم سندھ نے یوم اقبال کی مناسبت سے(آج) بدھ 9 نومبر کو تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق تمام نجی، نیم سرکاری اور سرکاری تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 9 نومبر بروزبدھ کو شاعر مشرق اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے صوبے بھر کے سرکاری، نیم سرکاری اورنجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں تعطیل کا فیصلہ محکمہ تعلیم کے قائمہ کمیٹی کے اجلاس
میں کئے گئے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ٗ اسکولوں اورکالجز کی انتظامیہ کو ہدایت بھی دی گئی کہ موجودہ حالات کی روشنی میں مصور پاکستان علامہ اقبال اوربانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکارکی ترویج کیلئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے۔سندھ حکومت کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے بھی یوم اقبال کے حوالے سے عام تعطیل کا اعلان کر دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق کے پی کے حکومت نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کی مناسبت سے 9نومبر کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے ۔
اس موقع پر صوبے بھر میں خصوصی پروگرامز اور تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ یوم اقبال کی منابست سے آگاہی پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ لوگوں اورہماری نوجوان نسل کو شاعر مشرق کی شخصیت اور افکار کے بارے میں پتہ چل سکے اور وہ ان سے رہنمائی حاصل کر سکیں