اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ہرنیا اور آنکھوں کے آپریشن کے لئے ڈاکٹروں سے مشاورت شروع کردی‘وزیر داخلہ ڈان اخبار کی خبر کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی کمیٹی سے ملاقات کریں گے اور کمیٹی کو اب تک کی ہونے والی تحیققات کے حوالے سے آگاہ کرینگے جس کے بعد وہ علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہوسکتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ دنوں اپنے لاہور کے دورے کے دوران وہاں ڈاکٹروں سے اپنی آنکھوں کا چیک اپ کروایا تھا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے چوہدری نثار علی خان کو فوری آنکھوں کا آپریشن کروانے کے لئے ہدایت کی ہے۔ اس سے قبل وزیر داخلہ نے پمز میں جسم میں درد کے حوالے سے پمز میں اپنا چیک اپ کروایا تھا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ہر نیہ کے مرض کی نشاندہی کی تھی اور انہیں فوری آپریشن کروانے کے لئے کہا تھا
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ہرنیے اور آنکھوں کے آپریشن کے لئے ڈاکٹروں سے مشاورت شروع کردی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ ہرنیے اور آنکھوں کا آپریشن بیرون ملک سے کروائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ ڈان اخبار میں قومی سلامتی اجلاس کے حوالے سے چھپنے والی خبر کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے نوٹیفکیشن کے بعد کمیٹی سے ملاقات کریں گے اور کمیٹی کو اب تک کی جانے والی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کریں گے جس کے بعد وزیر داخلہ علاج کے لئے بیرون ملک روانہ ہونگے۔ واضح رہے کہ ڈان اخبار کی خبر کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا نوٹیفکیشن (آج) وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہوگا۔