صوابی (آئی این پی ) صوابی میں دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ جھڑپ کے دوران ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا ۔ صوابی کے ضلعی پولیس افسر جاوید اقبال کے مطابق جھڑپ ٹوپی کے علاقے مینئی میں ہوئی جس میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ حکام کے مطابق جھڑپ میں ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہواجنھیں طبی امداد کے لیے صوابی کے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ ضلعی پولیس افسر نے کہا کہ دہشت گردوں نے پولیس مقابلے کے دوران ایک دکان میں پناہ لی تھی اور اس دکان میں چار شہریوں جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا کو یرغمال بنالیا تھا تاہم پولیس نے ان چاروں شہریوں کو بحفاظت وہاں سے نکا ل لیا ۔ ڈی پی او کے مطابق جھڑپ کے دوران پولیس نے دہشت گردوں پر دستی بم پھینکاجس سے دکان میں آگ لگ گئی اور وہاں موجود دونوں دہشت گرد جل کر ہلاک ہوگئے جس کے بعد اب یہ شناخت کرنا مشکل ہے کہ آیا دہشت گرد مقامی تھے یا غیر مقامی تھے تاہم ڈی این اے ٹیسٹ کے زریعے یہ معلومات حاصل کی جائیگی۔ صوابی پولیس کے پی ار او لیاقت نے بتایا کہ مقابلہ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہا جس میں پشاور سے آنے والے سپیشل کمبیٹ یونٹ نے بھی حصہ لیا۔ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع خفیہ ذرائع سے ملی تھی۔ ہلاک ہونے الے دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔