اسلام آباد(این این آئی) تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی قیادت کے خلاف پنجاب پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمہ تھانہ حضرو کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کو سینہ تان کر اسلام آباد جانا مہنگا پڑگیا۔ پنجاب میں پی ٹی آئی قیادت پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تھانہ حضرو کے ایس ایچ او کی مدعیت میں پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ جس میں پولیس پر پتھراو¿ ،توڑپھوڑ اورگاڑیاں جلانے سمیت جان سے مارنے کی کوشش کے الزامات ہیں۔دریں اثناء متحدہ قومی مومنٹ پاکستان نے قومی اسمبلی میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی قرارداد جمع کرادی ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار، علی رضاعابدی، سلمان بلوچ اورخالد مقبول صدیقی سمیت دیگرکی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک کے خلاف قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی گئی ٗقرارداد میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے غیرذمہ دارانہ بیانات دیے، ان بیانات سے صوبائیت اوربین الاصوبائی نفرتیں بڑھانے کی کوشش کی گئی، انہوں نے ملکی سالمیت اورسیکیورٹی کے خلاف قابل مذمت دھمکیاں دیں، اس لئے ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ پرویزخٹک کو وزارت اعلیٰ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل کیا جائے اوران کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پرویزخٹک کے خلاف سندھ اسمبلی میں بھی قرارداد جمع کرائی گئی ۔