اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جلسہ کے منتظمین جلسہ کیلئے مقررہ جگہ سے آگے نہ جانے کے پابند ہوں گے جس کے بعدڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دی۔ اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر کی درخواست پر جاری کئے گئے این او سی میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی طرف سے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کی اجازت دی گئی ٗ جلسہ کیلئے 2 بجے دن سے 10 بجے کا وقت مقرر کیا گیا جلسہ منتظمین پر یہ ذمہ داری عائد کی گئی کہ وہ شرکاء میں بدنظمی نہ ہونے دیں اور
اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کے نتائج کی ذمہ داری ان پر ہو گی ٗ جلسہ کے منتظمین جلسہ کیلئے مقررہ جگہ سے آگے نہ جانے کے پابند ہوں گے اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے ٗ جلسہ گاہ میں کسی بھی قسم کے ہتھیار لے جانے پر پابندی ہو گی ٗمنتظمین پر ٹریفک پولیس کے پلان کی پابندی بھی لازم ہو گی اور ٹریفک کی روانی کو متاثر نہیں کیا جائیگا ٗپولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے جلسہ گاہ میں جانے والی گاڑیوں اور افراد کی تلاشی لے سکیں گے اور اس سلسلہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائیگی ٗفول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے منتظمین تعاون کریں گے جبکہ جلسہ گاہ کی اندرونی سکیورٹی منتظمین کی ذمہ داری ہو گی۔ سٹیج اور شرکاء کی پہلی قطار کے مابین کم از کم 45 میٹر کا فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔ خواتین اور مردوں کیلئے الگ الگ جگہ مختص ہو گی، جلسہ میں آنے والے تمام شرکاء کو داخلی راستوں پر چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت ہو گی۔ جلسہ کے اختتام پر منتظمین شرکاء کے پرامن طور پر منتشر ہونے کے ذمہ دار ہوں گے۔