اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد لاک ڈاؤن کالفظ بول کے غلطی کی اور یہ لفظ انھیں خود ہی مہنگا پڑ گیا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی تو شروع دن سے یہی بات کررہی تھی کہ جلسے جلوس ضرور کریں تاہم اسلام آباد کو بند کرنا نامناسب طریقہ ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر عدالت مداخلت نہ کرتی تو تحریک انصاف بہت بڑے ٹکراؤ میں شامل ہونے جارہی تھی اور اگر لاک ڈاؤن کا اعلان نہ کیا گیا ہوتا تو ملک کی یہ صورتحال نہ ہوتی جو گذشتہ دنوں میں دیکھنے میں آئی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سب اپوزیشن جماعتوں کو چھوڑ کر اکیلے چلنے کا فیصلہ کیا جو ان کی دوسری بڑی غلطی تھی کیونکہ طاقتور حکومتوں سے اس طرح تنہا ہو کر نہیں لڑا جاسکتا۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہاکہ ہمیں یہ بات ماننی ہوگی کہ مسلم لیگ (ن) نہ صرف ہمارے اداروں بلکہ عدالیہ اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ انتہا پسندوں کی بھی پسندیدہ جماعت رہی ہے لہذا تحریک انصاف نے جو راستہ اختیار کیا اْس سے وہ اپنے مطالبے کو نہیں منوا سکتے تھے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مرتبہ عمران خان کو ایک اور موقع ملا ہے اور امید کرسکتے ہیں کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہیں کریں گے۔