اسلام آباد (این این آئی)خیبر پختونخوا سے سپیشل ڈیوٹی کیلئے اسلام آباد بلائے گئے ایف سی اہلکاروں کی نفری کے معاملے پر وزارت داخلہ نے آئی جی خیبر پختونخوا کو جوابی مراسلہ ارسال کیا وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق مراسلہ میں آئی جی خیبر پختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک ذمہ دار اور فرض شناس افسر کی حیثیت سے آپ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ٗوزارت داخلہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی صورتحال اور تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔
مراسلہ کے مطابق اسلام آباد کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا سے ایف سی نفری بلوائی گئی ٗ آئی جی خیبر پختونخوا سے مراسلہ میں استفسار کیا گیا کہ ایک ذمہ دار پولیس افسر ہونے کے ناطے آپ خود بتائیں کہ اگر آپ آئی جی اسلام آباد ہوتے اور ایک مسلح جتھا قانون کے تمام تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دارالحکومت کو یرغمال بنانے اور
شہریوں کی زندگیوں کو مفلوج کرنے کی دھمکیاں دیتا تو آپ کا کیا ردعمل ہوتا؟ کیا آپ وفاقی دارالحکومت میں قانون کی بالادستی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات نہ کرتے؟ جوابی مراسلہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں امن عامہ کی صورتحال نارمل ہوتے ہی ایف سی نفری واپس خیبر پختونخوا بھجوا دی جائیگی تاکہ وہ امن و امان کے قیام میں خیبر پختونخوا پولیس کی معاونت کر سکے۔