کراچی(این این آئی) ترک بحر یہ کا جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا پاکستان کے دورۂ خیر سگالی پر آج کراچی پہنچا۔ بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے سینئر افسران اور ترک سفارت خانے کے عملے نے جہاز کا پر تپاک خیر مقد م کیا۔ کراچی میں قیام کے دوران ترک بحریہ کے افسراور جوان اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہء خیال کریں گے۔ بحری جہاز کے عملے کے ارکان پاکستان نیوی کے متعدد آپریشنل اور تربیتی یونٹس کا بھی دورہ کریں گے اور مختلف آپریشنل اور تربیتی سرگرمیوں میں
حصہ لیں گے۔ دورے کے اختتام پر دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین کھلے سمندر میں مشترکہ بحری مشق کا بھی انعقاد بھی کیا جائے گا۔پاکستان اور ترکی کے درمیان نہایت قریبی اور مضبوط برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جن کی بنیاد مشترکہ عقائد اور باہمی مفادات پر استوار ہے۔ ان دوستانہ روابط کو مستحکم کرنے میں دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان دو طرفہ تعلقات اورخیر سگالی کے دورے
مرکزی کردار کے حامل ہیں۔ دونوں بحری افواج کے مابین اس نوعیت کے روابط باہمی مفاہمت اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بحری حدود میں امن و استحکام کے حصول کے لیے بھی نہایت اہم ہیں۔ ٹی سی جی بایوکاڈا کے دورۂ خیر سگالی سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور مشترکہ بحری تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔