پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں خیبر پختونخوا کو پورا حصہ نہ دینے پر وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف برادران نے سی پیک کوریڈور کو صرف پنجاب کوریڈور منصوبہ بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اگر گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلا تو ٹیڑھی انگلی سے نکال لیں گے لیکن کسی کو خیبر پختونخوا کے عوام کاحق نہیںمارنے دیں گے۔جمعرات کے روز نشتر ہال پشاور میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترجمان کاکہناتھاکہ شریف برادران سی پیک منصوبے کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کر رہے ہیں جوانتہائی افسوسناک ہے ہمیں صرف ایک سڑک قبول نہیں بلکہ ایک مکمل روٹ چاہیے جس میں تمام اقتصادی زونز شامل ہوں۔انہوں نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تمام بڑے منصوبے وفاق چلا رہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کو وفاق نے ہمیشہ نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کے پن بجلی کے خالص منافع جات کی رقم ابھی تک فراہم نہیں کی گئی جبکہ اس ضمن میں وفاق کے ساتھ حال ہی میں ایک معاہدہ بھی طے پایاگیا تھا۔مشتاق احمد غنی نے مزید کہاکہ نواز شریف حکومت کے دن اب گنے جاچکے ہیں۔2نومبر کو ملک بھر سے عوام پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں اپنا فیصلہ سنا دیں گے۔کرپٹ حکمرانوں کے گرد اب گھیرا تنگ ہو چکا ہے ان کے پاس اب دو ہی راستے ہیں خود کو احتساب کیلئے پیش کریں یا مستعفی ہو جائیں ورنہ عوام انکو اس بار گھر جانے کی بجائے سیدھا جیل بھیجیں گے۔