لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے دو نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق واضح اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی دیوانے کی بڑھک ہے، زور آزمائی پر دھلائی کا آپشن بھی بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔ احتجاج کا انحصار پی ٹی آئی کے طرز عمل پر ہے، مشروط اور پرامن احتجاج کی اجازت مل سکتی ہے لیکن زور آزمائی پر دھلائی کا آپشن بھی بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔ عمران خان فرسٹریشن کا شکار ہیں اس بیماری کا علاج ہمارے پاس نہیں، اس فرسٹریشن کا علاج پی ٹی آئی کو خود کرنا پڑیگا۔ حکومت کسی کو ریاست کی جگ ہنسائی کی اجازت نہیں دے گی۔ نواز شریف کو عوام کی تائید و حمایت حاصل ہے اور یہی عمران خان کا اصل مسئلہ ہے۔ 2018ء کے انتخابات کے نتائج بھی عمران خان کے سر پر سوار ہیں۔ کوئی بھی سیاسی قوت عمران خان کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں۔ 2 نومبر کے احتجاج میں پنجاب سے شرپسندوں کو جانے نہیں دیا جائیگا۔