نئی دہلی (آئی این پی)بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کوسمجھنا ہو گا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ کشمیر تناؤ کی بنیادی وجہ ہے اور اسے حل کرنا ہو گا۔ جنگ کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے‘ 70 سال سے مسئلہ کشمیر پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ وہ ہفتہ کو سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان سے صرف محدود بات چیت ہو ۔ مسئلہ کشمیر پر 70 سال سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ عبدالباسط نے کہا کہ جنگ دونوں ممالک کے لئے نقصان دہ ہے۔ پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل پر جامع بات چیت چاہتا ہے مگر موجودہ حالات میں دونوں ممالک میں مذاکرات کی صورتحال نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے بغیر کسی مذاکرات کا حصہ نہیں بن سکتے۔ بھارت کو سمجھنا ہو گا کہ مسئلہ کشمیر تناؤ کی بنیادی وجہ ہے ا سلئے اسے حل کرنا ہو گا۔ مسائل کا پر امن حل صرف اور صرف بات چیت سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دھمکی آمیز پیغامات اور کالز موصول ہوئی ہیں جن کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کیا ہے۔ امیدہے اس پر کارروائی ہو گی۔ ۔۔۔(رانا)