کراچی(آئی این پی)متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کے کنوینر ندیم نصرت نے تحریک کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد ایم کیو ایم کی 12 رکنی عبوری رابطہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کردیا ہے،لندن سے جاری اعلامیے کے مطابق عبوری رابطہ کمیٹی میں پاکستان سے ممتاز دانشور پروفیسر ڈاکٹر حسن ظفرعارف، معروف قانون دان ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ، امجد اللہ خان، کنور خالد یونس، اشرف نور، اکرم راجپوت، اسماعیل ستارہ، ادریس علوی ایڈوکیٹ اور حیدرآباد سے سینئر سیاسی رہنما مومن خان مومن شامل ہوں گے، عبوری رابطہ کمیٹی میں اوورسیز سے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ندیم احسان، ایم کیو ایم کے سینئر اراکین واسع جلیل اور مصطفیٰ عزیزآبادی شامل ہوں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رابطہ کمیٹی میں مزید اراکین کا اضافہ بعد میں کیا جائے گا، ایم کیو ایم سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، لیبرڈویڑن، شعبہ خواتین، سندھ تنظیمی کمیٹی، لیگل ایڈ کمیٹی، میڈیکل ایڈ کمیٹی، ایلڈرز ونگ اور دیگر شعبہ جات کے ذمے داروں کے ناموں کا اعلان اگلے مرحلے میں کیا جائے گا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے 26 ٹاؤنز اور حیدرآباد زون کے نئے تنظیمی سیٹ اپ کا اعلان جلد کیا جائے گا ،جبکہ اندرون سندھ کے دیگر تمام شہروں کا تنظیمی سیٹ اپ بھی بدستور برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، متحدہ کے بانی نے ایم کیوایم کے سینئر رہنماؤں کے اجلاس میں کیے گئے ان تمام فیصلوں کی توثیق کر دی ہے۔