ملتان(آئی این پی)سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ(ن) میں دوبارہ شمولیت کا عندیہ دے دیا۔سینئرسیاستدان کا کہنا ہے کہ سیاست کروں گا تو صرف ن لیگ کے پلیٹ فام سے ،ورنہ سیاست چھوڑدوں گا۔ملتان میں امن ریلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاویدہاشمی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑا ہوں اور سیاست کروں گا تو مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے ہی کروں گا۔اسمبلیوں کو2018تک اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے۔ طرف باخبرذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کے مسلم لیگ(ن)کی قیادت سے معاملات طے ہوچکے ہیں اور سینئرسیاستدان آئندہ چنددنوں میں مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 18اکتوبر کو مسلم لیگ(ن)کے انٹراپارٹی الیکشن کے موقع پر جاوید ہاشمی مسلم لیگ(ن) میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کرکے لیگی قیادت اور کارکنوں کو بڑا سرپرائز دے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ان کے قریبی حلقوں میں یہ خبریں بھی گردش کرتی رہیں کہ وزیراعظم نوازشریف کی ملتان آمد اور ملتان میٹروبس پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پرجاویدہاشمی مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔