اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ 2018ء تک عمران خان کو ہماری حکومت کا تختہ الٹنے کے مواقع ملتے رہیں گے۔ایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہا کہ کشمیر کاز پر پارلیمنٹ کی قرارداد عالمی محاذ گرم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہر وقت جنگی جنون کو خود پر سوار رکھنا سیاسی قیادت کے شایان شان نہیں، قومی مفادات پر سیاسی مفاد کو ترجیح دینے کے اقدام کو قوم اچھا نہیں سمجھتی۔سنیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہم ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے والے ہر کل بھوشن پر نظر رکھے ہوئے ہیں، حکومت کے جرات مندانہ کردار سے بھارت پر بوکھلاہٹ طاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو پاک سر زمین پر میلی نظر نہیں ڈالنے دیں گے۔