لاہور(آن لائن )پاکستان میں غربت اور بیروزگاری پرقابو پانے کیلئے ’’مدد اور مسکراہت ‘‘( ہیلپ اینڈ سمائل) نامی فلاحی تنظیم بہت جلد ’’ ایک روپیہ فار پاکستان ‘‘ کے نام سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔عام پاکستانی کی معاشی حالت کو بہتر بنانے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے افراد کیلئے روزگار کے مواقعے پیدا کرنا ترجیحات میں شامل ہے جبکہ خصوصاً خواتین کو با اختیار بنانے کے ایجنڈے پر بھی ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔یہ بات ایگزیکٹو ڈائریکٹر ( Help & Smile ) ’’مدد اور مسکراہت‘‘ راؤ عثمان نے اپنے ا یک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ قوم کی معاشی حالت ابتری کا شکار ہے جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں غربت اور افلاس کا گراف بڑھتا چلا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ملک میں نہ صرف بیروزگاری بڑھ رہی ہے بلکہ لاء4 اینڈ آرڈر کی صورتحا ل خراب ہونے کے ساتھ ساتھ سٹریٹ کرائم کی شرح میں بھی ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنی فلا حی تنظیم کے زیر اہتمام ایسے پروگرام تشکیل دیں گے جن کے ذریعے عام آدمی کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور اس کیلئے نئے کاروباری مواقعے پیدا کر کے دیں گے۔ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ،ہم اپنے ملک کے اندر موجودہ وسائل کو استعمال کرتے ہوئے بیروزگاری میں کمی لانے کیلئے کئی پراجیکٹ پر کام کریں گے۔یوں عام آدمی کی زندگی میں آنے والی خوشحالی اورمثبت تبدیلی کئی طرح سے معاشرے پر اپنے مثبت اثرات ڈالے گی۔انہوں نے کہاکہ ’’ ایک روپیہ فار پاکستان‘‘ مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ تمام پاکستانیوں کو متحد کیا جائے۔ راؤ عثمان نے کہا کہ آئندہ چند روز میں باقاعدہ پر یس کانفرس کا اہتما م کر نے جا رہے ہیں تاکہ ’’ ہیلپ اینڈ سمائل ‘‘ کا پیغام اور اغراض مقاصد اور اس کے فوائد کو میڈیا کے ذریعے عام افراد تک پہنچایا جا سکے۔