اسلام آباد(آئی این پی )پانامہ لیکس اور تیزی سے بدلتی ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی روابط میں تیزی آگئی، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی (آج ) صبح پیپلز پارٹی کی قیادت جبکہ انکی سربراہی میں وفد امیر جماعت اسلامی سے (آج ) رات اہم ملاقاتیں کرے گا۔ تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق پانامہ لیکس اور تیزی سے بدلتی ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر سیاسی روابط میں تیزی آئی ہے،وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی پیپلزپارٹی کی قیادت سے اہم ترین ملاقات کریں گے،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور اعتزاز احسن سے ملاقات کل دن بارہ بجے پارلیمنٹ ہاس میں ہوگی،شاہ محمود قریشی چیئرمین تحریک انصاف کا اہم ترین پیغام پیپلز پارٹی کی قیادت کو پہنچائیں گے جبکہ ملاقات میں تیزی سے بدلتی ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان بھی اعلی سطحی رابطہ ہوا جسمیں طے ہوا کہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں تحریک انصاف کا وفد امیر جماعت اسلامی سے ملاقات کرے گا اور ملاقات کل رات نو بجے اسلام آباد میں ہو گی۔شاہ محمود قریشی کے ساتھ سراج الحق سے ملاقات کرنے والے وفد تحریک انصاف کے وفد میں سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی جہانگیرخان ترین، ڈپٹی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی مراد سعید اور سینٹر شبلی فراز شامل ہوں گے،ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔