لاہور( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت مخالف تحریک کیلئے پارٹی ذمہ داران کو تنظیم سازی کا مرحلہ جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے آئندہ ماہ ستمبر سے حکومت مخالف تحریک کی تیاری شروع کر دی ہے اور عوام کو متحرک کرنے کی مہم کا آغاز پنجاب سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے آئندہ ماہ سے احتجاجی تحریک کا ابتدائی پلان یہ تیار کیا ہے کہ عوام کو متحرک کرنے کیلئے پہلے پنجاب میں جلسے کئے جائیں اور اس کے بعد جلسوں کو احتجاجی ریلیوں میں تبدیل کیا جائے گا ۔ لانگ مارچ کا آپشن بھی کھلا رکھا گیا ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جلسوں میں (ن) لیگ حکومت کی ناکامیوں کو ٹارگٹ کرنے کے علاوہ پاناما لیکس کی تحقیقات کا بھی بھرپور مطالبہ کریں گے ۔