کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ فنکشنل کے رکن سندھ اسمبلی اوروزیراعظم کے معاون خصوصی امتیازشیخ نے اپنے چالیس سے زائد ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کردیا ہے اورکہاہے کہ فنکشنل لیگ کی بنیادی رکنیت ، سندھ اسمبلی کی رکنیت اوروزیراعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہورہا ہوں اورسندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس گیارہ سے دوبارہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پرضمنی انتخابات میں حصہ لوں گا۔ اس بات کا اعلان انہوں نے وزیراعلی ہاؤس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، پیپلزپارٹی کے رہنما اورصوبائی وزیرنثارکھوڑو، اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی اورمشیراطلاعات مولابخش چانڈیو کی موجودگی میں کیا ۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے امتیازشیخ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایک رکن سندھ اسمبلی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پی پی کی کارگردگی پراعتما د کا اظہارہے۔ امتیازشیخ نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اٹھارہ اگست کوسابق صدرآصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اورمیڈیم فریال تالپورسے لندن میں ملاقات ہوئی اورانہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کے مخلصانہ جذبات اورعوامی مسائل کے حل کے لیے پیپلزپارٹی کی پالیسیوں سے متاثرہوکرپیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا انہوں نے آصف زرداری ،بلاول بھٹواورفریال تالپورکا شکریہ ادا کیا کہ انہیں پیپلزپارٹی میں شمولیت کا موقع فراہم کیا گیا ۔
امتیازشیخ کا کہنا تھا کہ وہ فنکشنل لیگ کی بنیاد ی رکنیت ،سندھ اسمبلی کی رکنیت اوروزیراعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ عوامی خواہشات اورسیاسی دوستوں کی خواہش پرفنکشنل لیگ چھوڑکرپیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے اوریہ شمولیت غیرمشروط ہے انہوں نے کہا کہ وہ پی ایس گیارہ سے مستعفی ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پرضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے اوردوبارہ منتخب ہوکراپنے حلقہ کے عوام کی خدمت کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں امتیازشیخ نے کہاکہ پیرپگارا سے اجازت لیکرپیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکی ہے ان کی پہلے بھی عزت کرتا تھا اورآئندہ بھی پیرپگارا ان کے لیے معززرہنما ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری اورپیپلزپارٹی کی قیادت بھی پیرپگارا کی عزت کرتی ہے اورپیرپگارا ان کے لیے محترم ہیں اوروہ ہمیشہ ان کا خترام کرتے رہیں گے ۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ امتیازشیخ کی پی پی میں شمولیت پران کا خیرمقدم کرتا ہوں ،امتیازشیخ کی شمولیت پیپلزپارٹی پراعتماد کا مظہرہے ۔ صوبائی وزیرنثارکھوڑو نے کہاکہ امتیازشیخ کی شمولیت سے پیپلزپارٹی کی عوامی اورسیاسی قوت میں اضافہ ہوگا پیپلزپارٹی ایک سمندرہے نئے لوگوں کی شمولیت سے پارٹی کی خدمات کا دائرہ وسیع ہوگا۔ انہوں نے امتیازشیخ اوران کی ساتھیوں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ضمنی انتخاب کے لیے پارٹی قیادت انہیں ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرے گی ۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ساتھیوں سمیت بڑی سیاسی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا
24
اگست 2016
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں