اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان جیتنے کی پوزیشن میں نہیں ٗ سڑکوں پر آ کر اقتدار پر قبضہ کر نا چاہتے ہیں ٗ وزیراعظم کے ڈکلیئر اثاثوں کے علاوہ کوئی اور اثاثہ ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑنے کو تیار ہیں ٗ ہم پر کوئی برا وقت نہیں ہے ٗ کسی سے بھی جھک کر ملنا میری تربیت میں شامل ہے ٗ تبصرہ کرنا بلاول بھٹو زرداری کا حق ہے ٗآئندہ خورشید شاہ سے اور جھک کر ملوں گا۔ ایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہاکہ ہم پر کوئی برا وقت نہیں بلکہ معمول کا وقت ہے ٗمیرا اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا چیمبر بالکل ساتھ ساتھ ہے ٗ انہوں نے مجھے کھجوروں کا تحفہ بھیجا، جس کا شکریہ ادا کرنے ان کے پاس گیا اور ان سے جھک کر ملا۔ خورشید شاہ سے پارلیمانی کمیٹی سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ کسی سے بھی جھک کر ملنا میری تربیت میں شامل ہے ٗتبصرہ کرنا بلاول بھٹو زرداری کا حق ہے ٗ آئندہ خورشید شاہ سے اور جھک کر ملوں گاایک سوال پر پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ پاناما لیکس کا معاملہ سڑکوں پر لایا جائے۔ عمران خان کی سیاست مردہ ہے جس سے پوری قوم آشنا ہو چکی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ عمران خان انتخابات جیتنے کی پوزیشن میں نہیں، اس لئے پہلے ہی دن سے سڑکوں پر آکر اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے ڈکلیئر اثاثوں کے علاوہ کوئی اور اثاثہ ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑنے کو تیار ہیں۔