کراچی(این این آئی)کراچی میں 5 روز پہلے قتل کی جانے والی لڑکی کے کیس کی گتھی سلجھنے لگی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بابر سولنگی نے مقتولہ کے گھر رشتہ بھیجا تھا،انکار پر ثانیہ کو گھر سے باہر بلاکر نشہ آور مشروب پلایا اور سر میں گولی مارکر لاش سمندر میں پھینک دی ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں شادی سے انکار پر قتل کی جانے والی ثانیہ کنول کے کیس کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے گرفتارملزم بابر سولنگی کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی سن سیٹ بلے وارڈ سے برآمد کرلی گئی ہے ،ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ گولی مارنے کے بعد بھی ثانیہ کنول 4 گھنٹے تک گاڑی میں زندہ رہی ، دم توڑنے کے بعد اس نے لاش کمبل میں لپیٹ کر خیابان عرفات کے قریب پھینک دی تھی ۔پولیس کے مطابق ملزم بابر سولنگی نے شادی سے انکار پر ثانیہ کنول کو ملاقات کیلئے بلا کر قتل کیا تھا۔