اسلام آباد (این این آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کے چئیرمین جنرل (ر)پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان فورسز کی اشتعال انگیزی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطہ اس قسم کی شرانگیزی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔پاک افغان کشیدگی سے پورا خطہ متاثر ہوسکتا ہے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں اے پی ایم ایل کے راہنماؤں نے کہا کہ حکومت افغانستان سے اعلیٰ سطح پر یہ مسئلہ اٹھائے اور اس کا پائیدارحل نکالے۔بھارت کا افغانستان اور ایران میں بڑھتا ہوا اثرورسوخ پڑوسی ممالک کو پریشان کرنے کا سبب بن سکتا ہے اور یہ بات بعید از قیاس نہیں ہے کہ طور خم میں افغان سیکیوریٹی فورسز کی حالیہ کاروائیوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہو۔انہوں نے کہا کہ خطے میں واقع تمام ممالک کو سمجھ لینا چاہئیے کہ پاک افغان تناؤ کی صورتحال دیگر ممالک کے لئے بھی پریشانی کا سبب بنے گی۔ہمارا خطہ اس قسم کی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معاملہ کو اعلیٰ سطح پر اٹھایا جائے اور اس کا پائیدار حل نکالا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا برادر ملک ہے مگرہمیں پاکستان کی سلامتی سب سے زیادہ عزیز ہے۔حکمران پاک افغان تعلقات کیلئے واضح اور موثرپالیسی بنائیں۔