اسلا م آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے میدانی علاقوں میں کئی دن سے جاری گرمی کی شدید لہر میں کچھ کمی ہوئی ہے ، بالائی علاقوں میں ابرآلود ہونے کی وجہ سے موسم کافی خوشگوار ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مالاکنڈ، ہزارہ، لاہور، سرگودھا ، اسلام آباد، گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر شہروں میں چلنے والی ہواوں نے گرمی کی شدت کو کم کردیا ہے۔ کچھ علاقوں میں گرد آلود ہواوں سے شہری پریشان تو ہیں،لیکن ان ہواوں نے موسم کو کافی حد تک تبدیل کردیا ہے۔پنجاب کے شہروں میں بھی موسم پہلے سے بہتر ہے۔ بلوچستان میں دوپہر کے وقت گرمی کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ادھر خیبر پخونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی فاٹا کے کچھ علاقے بدستور بادلوں میں لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مون سون جولائی، اگست، ستمبر کے دوران ملک میں 10 سے20 فیصد معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔