خانیوال(این این آئی) خانیوال میں ایک 18 سالہ لڑکی ریپ کی کوشش کے دوران نجی کلینک کی دوسری منزل سے چھلانگ لگانے کے باعث ہلاک اور لڑکی کی خالہ شدید زخمی ہوگئی۔خانیوال کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) جہانزیب نذیر خان کے مطابق خانیوال کے علاقے بلاک نمبر 5 میں نامعلوم نوجوانوں نے خالہ بھانجی کو اغواء کیا اور انھیں 2 منزلہ نجی کلینک میں لے گئے۔ملزمان نے خالہ بھانجی کے ریپ کی کوشش کی تاہم اس سے بچنے کیلئے پہلے لڑکی نے اور بعدازاں اس کی خالہ نے بھی چھت سے چھلانگ لگا دی۔چھلانگ لگانے کے نتیجے میں 18 سالہ لڑکی کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی، اس کی خالہ کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے مذکورہ کلینک کو بھی اپنی تحویل میں لیکر تفتیش کا آغاز کردیا ۔