کراچی(این این آئی)قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین قمرالزماں چوہدری نے مقدمات میں اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے ان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے ۔انہوں نے نیب کراچی کی جانب سے کیسز کی مکمل تیاری نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو کرپشن کیخلاف مزید کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیرکوچیئرمین قمر الزماں چوہدری نے نیب کراچی کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ان کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں کرپشن کیسز کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ڈی جی نیب کراچی سراج نعیم نے ڈاکٹرعاصم سمیت اہم کیسز اور ریفرنسزسے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے کرپشن کے خلاف کراچی نیب کی مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کو سراہا تاہم بعض کیسز میں تیاری مکمل نہ ہونے پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں کرپشن کیسز کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا ۔اجلاس میں بتایاگیا کہ کراچی نیب کے مقدمات میں 207اشتہاری اور 55مفرور ہیں ۔چیئرمین نیب نے افسران کو ہدایت کی کہ ان ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے اور نادرا سے معلومات حاصل کی جائیں گی جبکہ ملزمان کی جائیداد کا پتہ لگانے کے لیے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ سے مدد لی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں جن امور پر بحث کی گئی ان میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کیخلاف کرپشن کیس سر فہرست ہے ،نیب شرجیل میمن پر اشتہارات کی مد میں 4 ارب کی خوردبرد کے الزامات کی تحقیقات کررہا ہے۔ چیئرمین کو سندھ پولیس میں بھی کرپشن کی تحقیقات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ڈی ایچ اے کریک اورمرینہ پروجیکٹ کی انکوائری سے متعلق رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔اجلاس کے دوران چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ محکمہ فشریز اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف موثرشواہد حاصل کئے جائیں اور نیب کے وکلا بھی زیرسماعت کیسز میں موثر کارروائی کو تیز بنائیں۔