اسلام آباد (آن لائن ) سپریم کورٹ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 175 قصور سے 2013کے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن )کے رکن اسمبلی یعقوب ندیم سیٹھی کی رکنیت بحال کر دی اور انکی رکنیت کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قراردیدیا ہے ، لیگی رہنماء کی کامیابی کو آزاد امیداور الیاس خان نے چیلج کر رکھا تھا ۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی مقدمہ کی کارروائی شروع ہوئی تو لیگی رہنماء یعقوب ندیم سیٹھی کے وکیل شہزاد شوکت نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے ، میر ے موکل پر انتخابی بے ضابطگیوں کے الزام غلط ہے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر رکنیت بحال کی جائے عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد لیگی امیدوار یعقوب ندیم سیٹھی کی رکنیت بحال کردی اور انکو ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا ۔ 2013کے عام انتخابات میں لیگی امیدوار کی کامیابی کے بعد مخالف آزاد امیدوار الیا س خان نے الیکشن ٹربیونل نے اپیل دائر کی تھی اور لیگی امیدوار پر الیکشن میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا ۔ الیکشن ٹربیونل نے لیگی امیدوار کو ڈی سیٹ کر کے حلقہ میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا ، جبکہ سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا ہے ۔