لندن(آئی این پی )لندن میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کے گھر کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا اور عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ علیحدگی کے بعدجمائما خان کے گھر آنا جانا غیر اسلامی ہے کہ نہیں ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو لندن میں مسلم لیگ (ن) کے سینئرنائب صدر ناصر بٹ کی سربراہی میں مسلم لیگ(ن) کے 300سے زائد کارکنوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ،احتجاج کے دوران کارکنوں نے عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس پر جمائما کی والدہ نے پولیس طلب کر لی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے نائب صدر ناصر بٹ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے حسن نواز کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کر کے سیاست میں غلط روایات قائم کیں اور انہیں چاہیے تھا کہ اگر انہوں نے وزیراعظم کے خلاف مظاہر کرنا تھا تو وہ پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر کرتے، عمران خان اس بات کا اعلان کریں گے جمائما خان سے علیحدگی کے بعد ان کے گھر آنا جانا غیر اسلامی ہے یا نہیں کیونکہ عمران خان جمائما کے گھر آ کر رہائش اختیار کرتے ہیں اور لندن میں میئر کے الیکشن میں جمائما کے بھائی کیلئے انتخابی مہم چلا کر عمران خان نے یہودی لابی کو خوش کرنے کی کوشش کی تاہم مسلمانوں نے صادق خان کو کامیاب بنا کر عمران خان کی سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کی آڑ میں تحریک انصاف یہودی لابی کی پاکستان مخالف سر گرمیوں کو کامیاب بنانا چاہتی ہے جسے محب وطن پاکستانی ناکام بنا دیں گے۔