لاہور( این این آئی ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی امور چلانے کیلئے عبوری تنظیمیں بنانے کا فیصلہ کر لیا ،جون کے وسط تک صوبائی آرگنائزر نامزد کر دینگے، رہنماؤں نے عہدے لینے کیلئے لابنگ شروع کر دی ۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی امور چلانے کیلئے عبوری تنظیمیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ایک بار پھر دھڑوں نے سر اٹھانا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان جون کے وسط تک صوبائی آرگنائزر نامزد کر دیں گے۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں بننے والے دھڑوں نے آرگنائزر کا عہدہ حاصل کرنے کیلئے لابنگ تیز کر دی ہے۔ایک طرف چودھری سرور پنجاب کے آرگنائزر بننے کی تگ و دو کر رہے ہیں تو دوسری طرف شفقت محمود بھی میدان میں سرگرم ہو گئے ہیں۔ رائے عزیزاللہ خاں، علیم خان اور ولید اقبال بھی صوبائی آرگنائزر بننے کے خواہشمند ہیں۔