لاہور( این این آئی) تحریک انصاف کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں میں سے اکثر یت حکومت کیخلاف کسی بھی طرح کی تحریک شروع کرنے کی بجائے آئندہ عام انتخابات کی بھرپور تیاریوں کے حق میں ہیں ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی اکثریت چیئرمین عمران خان کی طرف سے انٹر اپارٹی انتخابات کے حق میں بھی تھی اور ان کا موقف تھاکہ ہمیں اس طرح کی سر گرمیوں کی بجائے گزشتہ عام انتخابات میں سامنے آنے والی کوتاہیوں کے تدارک کیلئے تیاریاں کرنی چاہئیں۔ ذرائع کے مطابق رہنماؤں کی اکثریت موجودہ حالات میں بھی حکومت کیخلاف کسی تحریک میں جانے کی بجائے آئندہ عام انتخابات کے لئے مضبوط امیدواروں کے چناؤ کیلئے ہوم ورک اور انتخابی تیاریوں کے حق میں ہیں اور اس حوالے سے پارٹی سربراہ کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ بھی کیا جارہا ہے۔