لاہور (این این آئی )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ نگران وزیر اعظم بنانے کی کو ئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی اس کی کوئی ضرورت ہے ، وزیر اعظم سکائپ کے ذریعے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، وزیر اعظم کی صحت کیلئے صرف (ن )لیگ کے وٹررز ہی نہیں بلکہ سیاسی حریفوں سمیت پو ری قوم دعاگو ہے،ٹی اوآرز کے معاملے میں حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کو سوچ سمجھ کر بیان دینے چاہئیں کیونکہ اگراحتیاط سے کام نہ لیا گیا تو ٹی اوآرز کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے باجا لائن میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحتیابی کے لئے خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر میاں طارق ، کرنل (ر)مبشر ،راجہ زاہد ، میاں امجد اقبال سمیت دیگر بھی مو جود تھے۔ سردار ایا ز صادق نے کہا کہ وزیر اعظم نے یکم جو ن اور 3جون کو اہم اجلاسوں کی صدارت کرنا تھی لیکن ڈاکٹرزنے ان کو اجازت نہیں دی اس لیے اب وہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت سکائپ پر کر یں گے ۔یکم جون کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر خطاب کریں گے اور 3جون کو قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جائے گا۔وزیر اعظم کی عدم مو جودگی میں نگران وزیر اعظم بنائے جانے کی کوئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ ٹی اوآرز کے معاملے میں حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کو سوچ سمجھ کر بیان دینے چاہئیں کیونکہ اگراحتیاط سے کام نہ لیا گیا تو ٹی اوآرز کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ ہے۔